کراچی: شہر قائد کی سیاست میں اہم سمجھے جانے والے سیاسی رہنما اور پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر کی مشکلات میں کمی ہونا شروع ہوگئی۔
ایک طرف تو اُن کے خلاف توہین عدالت اور چیف جسٹس کے خلاف نازیبا کلمات ادا کرنے پر بھی اُن کے خلاف مقدمہ درج ہے تو دوسری طرف سیاسی طور پر بھی وہ متحرک نہیں ہوپارہے۔
بے باک اور دھڑلے سے بیانات دینے والے فیصل رضا عابدی مذہبی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں اور وہ عوام کے ساتھ رابطہ رکھنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا بھی لیتے ہیں۔
سابق سینیٹر کی مشکلات میں اُس وقت اضافہ ہوا جب ٹویٹر پر اُن کے نام سے بنی جعلی آئی ڈی نے بے بنیاد خبریں پھیلانا شروع کیں۔
فیصل رضا عابدی نے اپنی آفیشل آئی ڈی سے جعلی اکاؤنٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ اس جعلی آئی ڈی کو رپورٹ کریں۔

فیصل رضا عابدی نے اپنے نئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پیغام میں آگاہ کیا کہ اُن کے نام پر بنا ہوا جعلی اکاؤنٹ ٹویٹر انتظامیہ نے بند کردیا، انہوں نے بتایا کہ اب یہ میرا آفیشل اکاؤنٹ ہے۔ سابق سینیٹر نے تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
