کراچی: نیب کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے کراچی ڈولیپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ محمد ناصر دورانِ حراست جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اختیارات کے ناجائز استعمال پر نیب کے ہاتھوں چار سال قبل گرفتار ہونے والے کے ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینٹرل جیل میں قید تھے۔
گزشتہ ماہ کی 28 تاریخ سے اُن کی طبیعت ناساز تھی جس کی بنیاد پر جیل انتظامیہ نے انہیں سول اسپتال میں داخل کرایا تھا، اسپتال انتظامیہ نے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا تھا۔
اٹھائس مارچ کو سول اسپتال میں داخل ہونے والے کے ڈی اے کے افسر کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا تھا، ڈاکٹرز کے مطابق انہیں پھپھڑوں کی بیماری تھی جو اسپتال لانے تک بگڑ چکی تھی اس لیے انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔
سول اسپتال میں زیر علاج محمد ناصر دوران علاج چل بسے، جیل انتظامیہ نے اُن کے انتقال کی اطلاع اہل خانہ کو دی جس کے بعد اُن کا جسد خاکی گلشن اقبال بلاک 13 میں واقع گھر پہنچایا گیا۔
مرحوم کی نمازجنازہ گلشن اقبال بلاک13بی مسجدعطارمیں اداکی گئی جبکہ تدفین لیاقت آباد نمبر 2 سی ون ایریا میں واقع قبرستان میں کی گئی۔
محمد ناصر کو زمینوں کے معاملے میں خرد برد کے الزام میں نیب نے چار برس قبل حراست میں لیا تھا، اُن پر الزام تھا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے انہوں نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
