خواجہ برادران کی گرفتاری کے پانچ مہینے بعد نیب ریفرنس دائر

لاہور: نیب نے سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور اُن کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے پیراگون ہاوسنگ سکینڈل میں گرفتار خواجہ برادرز کے خلاف گرفتاری کےپانچ مہینےدس دن بعد 17 جلدوں پر مشتمل ریفرنس دائر کیا۔

ریفرنس میں خواجہ سعد رفیق،خواجہ سلمان رفیق ،ندیم ضیا ،عمر ضیا، اور فرحان علی کو نامزد کیا گیا جبکہ الزام عائد کی گیا ہے کہ پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59کروڑ کا فراڈ کیا گیا۔

نیب نے اپنے ریفرنس میں سوسائٹی میں پچاس کینال سے زائد سرکاری اراضی کو شامل کیاگیا، ریفرنس کے مطابق پیراگون سوسائٹی میں خواجہ برادران 93.6 فیصد کے شیئرز ہولڈر ہیں۔

نیب ریفرینس کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے پراگون سٹی سے 5 کروڑ 80 لاکھ کے مالی فوائد حاصل کیے، خواجہ سلمان رفیق نے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے کے مالی فوائد بھی حاصل کیے، نیب ریفرینس میں واضع کیا گیا ہےکہ خواجہ برادرن کیخلاف 122 افراد نے بیانات قلمبند کروائے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادرز کو 13 جون تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا ہوا ہے جبکہ خواجہ برادرز نے اپنی ضمانت کے لئے بھی لاہور ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کردی۔