لندن: بانی ایم کیو ایم کے وکیل عادل غفار نے جیو نیوز کے رپورٹر مرتضیٰ علی شاہ کے خلاف غلط رپورٹنگ کرنے پر ہتھک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔
عادل غفار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر میٹ پولیس کی جانب سے بانی ایم کیو ایم کو دی جانے والی ضمانت کی خبر شیئر کرتے ہوئے مرتضیٰ علی شاہ کو مخاطب کیا اور بتایا کہ وہ جلد جیو کے صحافی کے خلاف قانونی مقدمہ درج کریں گے۔
بانی ایم کیو ایم کے وکیل نے لکھا کہ ’’مرتضیٰ علی شاہ نے الطاف حسین سے متعلق رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ میں برطانوی پولیس کو مطلوب ہوں اور میرے پاس بڑی تعداد میں شواہد ہیں‘‘۔

انہوں نے لکھا کہ اس طرح کی بے بنیاد رپورٹنگ عزت کو مجروح کرنے کے زمرے میں آتی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے میری شہرت بھی شدید متاثر ہوئی، میرے اس کیس کو ofcom لے کر جاؤں گا۔
عادل غفار نے اعلان کیا کہ وہ مرتضیٰ علی شاہ اور جیو نیوز اردو کے خلاف ہتھک عزت کا دعویٰ دائر کررہے ہیں، اب انہیں وضاحت دینی پڑے گی کہ میں برطانوی پولیس کو کیسے اور کیوں مطلوب ہوں‘۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین سے مدد طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگر کسی قانونی فرم کو جانتے ہیں تو اُس کا پتہ ٹویٹر پیغام پر ارسال کریں۔

