گوجرانوالہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی یوتھ ونگ کے صدر کو ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کا نام حمزہ ہے جو یوتھ ونگ پنجاب کا صدر ہے، شہری کی شکایت کے بعد ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور اُس کو اعلیٰ عدلیہ، فوج اور وزیراعظم کے بارے میں سوشل میڈیا پر نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام میں سائبر کرائم ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔
اس حوالے سے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر آصف اقبال نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں امیر حمزہ نامی شہری نے حمزہ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر ولید آصف بٹ کے خلاف درخواست دی۔
ڈان نیوز کے مطابق شکایت کنندہ نے کہا کہ ’ولید آصف بٹ نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف قمرجاوید باوجوہ اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف انتہائی گھٹیا اور ہتک آمیز زبان استعمال کی‘۔
درخواست میں کہا گیا کہ ’ولید آصف بٹ کے اس طرح کے اقدام سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے‘۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ولید آصف بٹ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ چھاپہ مار ٹیم نے ملزم آصف بٹ کا موبائل فون قبضے میں لے لیا جس میں وزیراعظم، فوج اورعدلیہ کے خلاف قابل اعتراض مواد موجود تھا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم آصف اقبال نے بتایا کہ ملزم سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرتا تھا۔
