اسلام آباد: بانی ایم کیو ایم کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور منی لانڈرنگ سمیت ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسر مظہر کاکا خیل کی ذمہ داریاں خیبرپختوںخواہ حکومت کے سپرد کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اشتعال انگیز تقاریر، منی لانڈرنگ اور عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت کرنے والے ایف آئی اے کاؤنٹرٹیررازم کا تبادلہ کردیا گیا، اسلام آباد ونگ میں امور انجام دینے والے مظہر کاکا خیل کے پاس ایف اے ٹی ایف ٹاسک فورس کے ساتھ میٹنگز میں ایف آئی اے کی نمائندگی کی ذمہ داری بھی تھی۔
ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات پر ملک بھر کے مدارس، مساجد اور مذہبی تنظیموں کو ملنے والے فنڈز کی دستاویزات جمع کرنے کا کام بھی اُن کی ہی سربراہی میں جاری تھا۔
وزارتِ داخلہ نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن جاری کیا جس پر سیکشن آفیسر محمد شعیب کے دستخط تھے، نوٹی فکیشن کی کاپیاں وزیراعظم ہاؤس، صدر آفس، وزارتِ داخلہ اور خیبرپختونخواہ کے چیف سیکریٹریز کو بھی ارسال کی گئی۔
