جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کراچی کی قیادت 2025 تک حافظ نعیم الرحمان کے سپرد کردی۔
جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ نے حافظ نعیم کو جماعت اسلامی کراچی کا امیر مقرر کیا جس کی سراج الحق نے منظوری دے دی۔
شوریٰ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حافظ نعیم الرحمان 2025 تک کراچی میں جماعت اسلامی کے امیر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ حافظ نعیم نے اپنے گزشتہ دور میں زبردست کارکردگی دکھائی اور سیاسی طور پر بھی کراچی میں جماعت اسلامی کو خاصی حد تک منظم کیا۔
حافظ نعیم کی مسلسل جدوجہد اور سیاسی حکمت عملی کے باعث جماعت اسلامی نے کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دیا اور اتنی آرام سے میئر شپ اُن کے ہاتھ میں نہیں جانے دی۔ میئر کے الیکشن کے بعد جماعت اسلامی نے قانونی محاذ پر بھی جنگ لڑی اور الیکشن کو عدالت میں چلینج کیا ہے جو زیر سماعت ہے۔