کراچی،لاہور : ملک بھر کی تاجر برادری اور پنجاب حکومت نے مارکیٹیں جلد بند کرنے کا وفاقی حکومت کا فیصلہ اور توانائی بچت پالسی مسترد کردی۔ تاجر برادری کا کہناہے کہ حکومت نے اس طرح کے بے تکے فیصلوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو سخت احتجاج کا راستہ اختیار کیاجائے گا۔
آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کا اجلاس دفتر میں چیئرمین شرجیل گوپلانی کی زیر صدارت ہوا، جس میں تاجر تنظیموں کے عہدیداران شریک ہوئے، اجلاس میں موجودہ سیاسی، معاشی صورتحال زیر غور آئی، بیان میں شرجیل گوپلانی نے کہا کہ مہنگائی ناقابل برداشت ہوچکی، سال 2022ء بدترین سال رہا، رواں سال بھی مشکلات کے خاتمے کی امید نظر نہیں آرہی، حکومت نااہلی چھپانے کیلئے تاجروں کا معاشی قتل عام بند کرے، حکومت اپنی لوٹ مار اور کرپشن بند کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزراء اربوں روپے سرکاری دوروں کے بجائے عوامی مفاد میں خرچ کرتے تو حالات مختلف ہوتے، دیہاڑی دار طبقہ خوفناک مہنگائی میں دھنس چکا، رجیم چینج نے عوام اور تاجروں پر قیامت ڈھادی، 70 فیصد تاجر مقروض ہوگئے۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری، ایم احمد شمسی، سینئر نائب چیئرمین یعقوب بالی، سینئر نائب صدر فیصل جان کبیر، حافظ طیب، حسیب اخلاق، عثمان صدیقی و دیگر بھی موجود تھے۔
پنجاب حکومت اور تاجروں نے بھی مارکیٹیں جلد بند کرنے کا وفاقی حکومت کا فیصلہ مسترد کردیا۔
پنجاب کے سینئر وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت دکانیں رات 8بجے بند کرنے کا فیصلہ خود کرے گی، اس کیلئے پنجاب حکومت اپنی کابینہ کا اجلاس خود بلائے گی، ملک میں بے روزگاری بہت بڑھ رہی ہے ،اس لئے اس بارے میں جلد بازی میں فیصلہ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا حکومت اپنی ناکامی کا بدلہ عوام سے لے رہی ہے،امپورٹڈ حکومت کے فیصلے پنجاب حکومت کسی صورت نہیں مانے گی۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے بھی مارکیٹیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرنےکے حکومتی فیصلے کی مخالفت کر دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ دکانیں رات 10 اور ریسٹورنٹ 11 بجے سے پہلے بند نہیں کرینگے۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ریسٹورنٹ اور مارکیٹوں کو جلد بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں،مارکیٹوں کو جلد بند کرنا کاروبار پرکلہاڑا چلانے کے مترادف ہوگا۔
صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بدترین معاشی صورتحال میں کاروباروں کو بند کرنا کسی صورت ممکن نہیں،حکومت نے زبردستی دکانیں بند کروانے کی کوشش کی تو مزاحمت کا سامنا ہو گا ۔
چیئر مین لبرٹی مارکیٹ رانا اخلاق احمد نے کہا کہ وفاقی حکومت کے رات 8بجے مارکیٹوں کو بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں،اس فیصلے سے بے روزگاری بڑھے گی۔
صدر آل پاکستان ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری بابر بٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت فوری مارکیٹوں کو جلد بند کرنے کا فیصلہ واپس لے ،مارکیٹوں کو رات 9بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے ۔
