کراچی: جماعت اسلامی کی جانب سے سہراب گوٹھ تا ایم اے جناح روڈ تک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کی۔ سراج الحق نے اپنی تقریر میں وفاقی حکومت اور اُس کے اتحادیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ موجودہ حکومت وینٹی لیٹرپر ہے اور اب اس حکومت سے عوام کو کوئی امید اور توقعات نہیں ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کوئی معاشی وژن نہیں ہے، مرغی کے انڈے فروخت کر کے اور بکری کے بچے فروخت کر کے معیشت کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے؟ عمران خان نے کہاتھا کہ میں قوم سے جھوٹ نہیں بولوں گا لیکن افسوس کہ آج عمران خان قوم سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں،عوام آج جن مشکلات کا شکار ہیں وہ حکمرانوں اور موجودہ حکومت کی نااہلی و نالائقی کی وجہ سے ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے بلکہ اپنے پلیٹ فارم سے تھرڈ آپشن کے طور پر عوام کے درمیان موجود رہیں گے،
سراج الحق کا کہنا تھا کہ اہل کراچی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے آج جوق در جوق گھروں سے نکل کر عوامی مارچ میں شرکت کر کے نہ صرف کراچی کی بلکہ پورے ملک کے 22کروڑ عوام کی ترجمانی کی،آج ملک میں بے شمار مسائل ہیں،بجلی، پانی کا مسئلہ ہے اور اب تو سانس لینے کا بھی مسئلہ ہے۔
ایم کیو ایم کے بینرز دیکھ کر سراج الحق کا ردِ عمل
سراج الحق نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کی حکومت ہے وہ کس سے مطالبہ کررہے ہیں پانی دو، ’’شرم ان کو نہیں آتی شہر میں بینر لگانے میں ‘‘ ۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف جماعت اسلامی ہے جس نے کراچی کا مقدمہ لڑا ہے، ایک وزیر فرماتے ہیں نوکریوں کی بارش ہونے والے ہے، جھوٹے لوگ جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔
