کراچی: شہر قائد میں آج مختلف شعبوں سے وابستہ تاجروں نے صدر ریگل تا پریس کلب ریلی نکالی اور حکومتی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے تمام نئے ٹیکسز واپس لینے کا اعلان کیا۔
تاجر ایکشن کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر ٹیکس سسٹم واپس نہ لیا گیا تو کراچی بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی اور شہر کا پہیہ جام کردیں گے۔
یاد رہے کہ دھاگا، کپڑا بنانے والی صنعتوں نے حکومتی اقدامات اور بجٹ کے خلاف اپنی صنعتیں بند کردیں جبکہ موبائل مارکیٹ کی ایسوسی ایشن نے بھی احتجاجی بینرز آویزاں کیے ہوئے ہیں۔
دھرنے میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ تاجروں کی جانب سے حکومت کو دیا جانے والا الٹی میٹم جمعے کو ختم ہوجائے گا جس کے بعد ایکشن کمیٹی نئے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
