مشرف، القادری سمیت اہم سیاسی شخصیات کو “بول” میں ملازمت مل گئی

کراچی: بول نیوز نے ڈاکٹر عامر لیاقت اور شاہد مسعود کے چینل چھوڑ جانے کے بعد 23 مارچ سے بھرپور طریقے سے مارکیٹ میں کودنے کی تیاری کرلی ہے۔

شاہد مسعود اور عامر لیاقت پر پیمرا اور عدالتی پابندی کے بعد بول نیوز کو شدید معاشی دھچکے کا سامنا رہا تاہم ایگزیٹ اور بول نیوز کے مالک شعیب شیخ نے نئے طریقے سے مارکیٹ میں قدم جمانے کا پلان مرتب کیا ہے۔

بول نیوز سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نئی حکمت عملی کے تحت سب سے پہلے سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کو بول نیوز میں بھاری معاوضے کے عوض نوکری دی گئی ہے اور وہ آئندہ ہفتے سے ہر اتوار کی شام 8 بجے سب سے پہلے پاکستان شو کی میزبانی دبئی سے بیٹھ کر کریں گے۔

دوسری جانب بول نیوز نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کو موقع دیتے ہوئے ہر ہفتے کی شام 8 بجے کا شو دینے کا اعلان کیا ہے جس میں وہ ملکی نظام سمیت اہم امور پر گفتگو کریں گے۔

بول نیوز نے تین بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی بطور اینکر (تجزیہ) نگار اپنے چینل میں ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے، جن میں  پی پی کے سابق وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ، مسلم لیگ ن کے شیخ وقاص اکرم جبکہ تحریک انصاف کے رہنماء و سابق صوبائی وزیر شفقت محمود شامل ہیں۔

واضح رہے عدالتی احکامات کے بعد بول نے اپنی ٹیسٹ ٹرانسمیشن کا باقاعدہ آغاز کیا تھا اور ملک کے نامور ڈاکٹر نما صحافیوں (عامر لیاقت، شاہد مسعود اور مبشر لقمان نے شمولیت کی تھی تاہم مبشر لقمان کچھ عرصے میں بول کو خدا حافظ کہہ گئے جبکہ پیمرا کی پابندی کے بعد شاہد مسعود نے استعفیٰ دے دیا اور عامر لیاقت پر عدالتی احکامات کے تناظر میں پابندی عائد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: