کراچی: سانحہ بلدیہ فیکٹری میں نامزد ملزم اور ایم کیو ایم کے سابق عہدیدار رحمان بھولا سمیت تین ملزمان کو قتل کیس میں بری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز سٹی کورٹ/ماڈل کورٹ میں شہری مرید حسین اور بشیر احمد قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں رحمان بھولا، عبدالقادر اور نعیم نامی ملزمان کو پیش کیا گیا، عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر تینوں ملزمان کو باعزت بری کیا۔
رحمان بھولا کے وکیل عابد زمان ایڈوکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرے موکل کو پولیس نے بد دیانتی کی بنیاد پر کیس میں نامزد کیا۔ رحمان بھولا کا اس قتل کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ استغاثہ کے پیش کردہ گواہوں کے بیانات میں تضاد ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 2012 میں شہری مرید حسین اور بشیر احمد کو قتل کیا۔ ملزمان کیخلاف قتل کا مقدمہ تھانہ بلدیہ ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ رحمان بھولا کو بلدیہ فیکٹری سانحے میں قصور وار نامزد کیا گیا ہے۔