اسلام آباد: عمران خان نے دو دن سیاست اور حکومت سے بالکل الگ تھلگ گزارے اور اس دوران انہوں نے کرکٹ کے موضوع پر بھی گفتگو کی۔
جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم نے چھٹی کے روز اپنے دیرینہ دوستوں کے ساتھ کرکٹ پر گپ شپ کی اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا دفاع کرتے ہوئے انہیں محنتی اور ایماندار قرار دیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق میں کوچنگ اور سلیکشن کی وہ صلاحیت موجود ہے جو کسی کے پاس نہیں ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اچھے کھلاڑی ہیں مگر اب انہیں محنت کر کے ہی ٹیم میں آنا ہوگا، وہ ڈومیسٹک میں اپنی پرفارمنس بہتر کر کے ہی ٹیم میں آسکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیا ڈومیسٹک نظام حقیقی ٹیلنٹ اوپر لائے گا۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب تک معیاری فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوگی ہماری کرکٹ باقی دنیا سے پیچھے رہ جائے گی۔
