سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کے لیے لاہور سے لندن روانہ ہوگئے۔
میاں نوازشریف لاہور ائیرپورٹ جانے کے لیے سخت سیکیورٹی میں جاتی امرا سے روانہ ہوئے، اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باجود موجود کارکنان نے نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔
ائیرپورٹ پہنچنے پر نوازشریف کی روانگی کے لیے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی جس کے بعد ان کا ائیرایمبولینس میں چیک اپ کیا گیا جس کے بعد ائیرایمبولینس نے 10 بج کر 30 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے اڑان بھری۔ نوازشریف کے ہمراہ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی لندن روانہ ہوئے ہیں۔
مریم نواز والد کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، نوازشریف کے ہمراہ پارٹی رہنما بھی ائیر پورٹ روانہ ہوئے تاہم مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد نوازشریف کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔
ایک روز قبل شہبازشریف نے کارکنان کو ایئرپورٹ آنے سے رکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سب لوگ دعائے خیر میں یاد رکھیں، میاں صاحب جلد واپس آئیں گے۔
ائیرپورٹ کون کون آیا؟
راجہ ظفرالحق،احسن اقبال،خواجہ آصف،ایازصادق،مریم اورنگزیب،خرم دستگیر، امیر مقام، سینیٹر مشاہد اللہ، سینیٹر پرویز رشید، عابد اللہ جان نوازشریف کے سیکریٹری اورمحمد عرفان ذاتی ملازم سمیت 21 افراد ائیرپورٹ پر موجود تھے،
