کراچی:باروردی پولیس اہلکار کی اسلحے کے زور پر گھر میں زبردستی داخل ہوکر خاتون سے زیادتی
کراچی کے علاقے جمشید کوارٹرز میں تعینات پولیس اہلکار نے وردی میں ہی ایک گھر میں داخل ہوکر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
رپورٹ کے مطابق جمشید کوارٹرز تھانے کے باوردی اہلکار نے تین ہٹی کے قریب خاتون سے اسلحہ کے زور پر گھر میں گھس کر زیادتی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں جمشید کوارٹرز تھاتے میں درج کر لیا گیا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق اہلکار حسنین باوردی ہوکر گھر میں داخل ہوا اور اسلحہ کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور جب میرا شوہر گھر پہنچا تو اہلکار نے اس کو شیشے کی پلٰیٹ دے ماری جو میرے سر پہ لگی اور میں زخمی ہو گئی۔
متاثرہ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میرا شوہر مجھے اسپتال لایا تو اہلکار حسنین بھی وہاں پہنچ گیا اور مجھے زبردستی تھانے لے آیا۔ان کا کہنا تھا کہ تھانے میں ڈیوٹی آفیسر رشید نے میرے شوہر کو فون کر کے ڈرایا دھمکایا اور اہلکار حسنین اور رشید نے میرے شوہر پر تشدد کیا اور ان سے مجھے طلاق دینے کا بھی کہا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق حسین کے ساتھ پورا جمشید کوارٹر تھانہ ملوث ہے اور وہ اس کو بچانے کے لیے مختلف حربے استعمال کررہا ہے، پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث اہلکار کو گرفتار کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔