پیٹرولیم مصنوعات میں چوالیس روپے تک کمی کی سفارش

اسلام آباد: آئل گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں 44 روپے تک کمی کی سمری وزرات خزانہ کو ارسال کردی، یاد رہے کہ مشیر خزانہ پہلے ہی قیمتوں میں کمی کا اشارہ دے چکے ہیں۔
مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے دو روز قبل دنیا نیوز کے پروگرام کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرے گی، اگلا بجٹ جون میں پیش کیا جائے گا جسے کرونا بجٹ کا نام دیا جائے گا، چھوٹے تاجروں کے تین ماہ کے بل معاف کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اوگرا کی جانب سے سمری بھجوادی گئی ہے جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 20 روپے 68 پیسے کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے، سمری میں ہائی سپیڈ ڈیزل 33.94 پیسے اور لائٹ ڈیزل 24.57 روپے سستا کرنے جب کہ مٹی کا تیل 44.07 روپے سستا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے گی جب کہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث وزیراعظم عمران خان نے ریلیف پیکچ کا اعلان کرتے ہوئے گزشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔
