بانی ایم کیو ایم کی طبیعت ’آج اور کل کا دن اہم‘ : لندن میں‌ مقیم سینئر صحافی نے اصل صورت حال بتا دی

بانی ایم کیو ایم کی طبیعت ’آج اور کل کا دن اہم‘ : لندن میں‌ مقیم سینئر صحافی نے اصل صورت حال بتا دی

لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی بیس روز قبل طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد انہیں مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اس حوالے سے مختصر اعلامیہ جاری کیا جس میں بتایا تھا کہ طبیعت ناسازی کے باعث ڈاکٹرز نے بانی ایم کیو ایم کو مستقل آرام اور سیاسی معاملات سے دوری اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

بعد ازاں تین روز قبل بانی ایم کیو ایم کا ایک آڈیو پیغام سامنے آیا جس میں انہوں نے اپنی صحت کے حوالے سے بتایا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کرونا سے محفوظ رہنے کے لیے ایس او پیز پر عمل کریں اور ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔ بانی ایم کیو ایم نے اپنے اس بیان میں بتایا تھا کہ وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، آڈیو پیغام میں اُن کی سانس بار بار پھول رہی تھی جس سے اُن کی صحت پر کرونا کے باعث پڑنے والے اثرات محسوس کیے جاسکتے ہیں۔

بانی ایم کیو ایم کی طبیعت ناسازی کے حوالے سے جب آڈیو پیغام سامنے آیا تو کارکنان سمیت سینئر صحافیوں اور سیاستدانوں نے اُن کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ ان میں سینئر صحافی نسیم زہرہ، عالیہ رشید اور سینیٹر فرحت اللہ بابر سمیت دیگر قابل ذکر ہیں۔

ایک روز قبل ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ایک اور اعلامیہ جاری کر کے بتایا کہ بانی ایم کیو ایم کے کچھ ٹیسٹ کروائے گئے جن کی رپورٹس بہت اچھی آئیں ہیں اور ڈاکٹرز نے اس پیشرفت کو بہت اچھا و مثبت قرار دیا ہے۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ایک طرف آڈیو پیغام نے کچھ کو رنجیدہ کیا وہیں کچھ لوگ ایسے بھی تھے جنہوں نے اس پیغام میں آنے والی آواز کو بانی ایم کیو ایم کی نقلی آواز کہا اور خواہش کا اظہار کیا کہ شاید و اب دنیا میں نہیں رہے۔

اب لندن میں مقیم بی بی سی سے وابستہ معروف سینئر صحافی شفیع نقی جامعی نے اصل صورت حال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اُن کی گفتگو ہوئی ہے۔ سفیع نقی جامعی نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ اُن کی بات براہ راست بانی ایم کیو ایم سے ہوئی یا پھر قیادت میں سے کسی شخص نے اُن کو صحت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

شفیع نقی جامعی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ’کل پرسنل گفتگو ہوئی،#ایم_کیو_ایم کے قائد الطاف حسین تیزی سے روبصحت ہوئے ہیں، گزشتہ دو دن کے تمام معائنے عندیہ دے رہے ہیں کہ اب انہیں اسپتال میں رکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہے آج اور کل کے فائنل چیک اپس کے بعد رخصت کرنے کے سلسلے میں “ یے” یا “نے” کا فیصلہ کر دیا جائے گا‘۔


نوٹ: آپ اپنی خبریں، پریس ریلیز ہمیں ای میل zaraye.news@gmail.com پر ارسال کرسکتے ہیں، علاوہ ازیں آپ ہمیں اپنی تحاریر / آرٹیکل اور بلاگز / تحاریر / کہانیاں اور مختصر کہانیاں بھی ای میل کرسکتے ہیں۔ آپ کی بھیجی گئی ای میل کو جگہ دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: