بل گیٹس اور اہلیہ کی راہیں جدا، علیحدگی کی وجہ سامنے آگئی

بل گیٹس اور اہلیہ کی راہیں جدا، علیحدگی کی وجہ سامنے آگئی

نیویارک : دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کئی سالوں تک پہلی پوزیشن رکھنے والے بل گیٹس اور اُن کی اہلیہ ملینڈا نے 27 سال بعد ایک دوسرے سے علیحدہ ہونے کا اعلان کردیا۔

ایک روز قبل بل گیٹس اور اُن کی اہلیہ کی جانب سے راہیں جدا کرنے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بل گیٹس ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

جوڑے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے ذریعے کیے گئے اعلان میں کہا گیا کہ ‘بہت زیادہ سوچ بچار اور اپنے رشتے پر بہت زیادہ کام کرنے کے بعد ہم نے اپنی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’

ان کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کیے جانے والے اعلامیے میں لکھا ہے کہ ‘گذشتہ 27 سالوں کے دوران ہم نے تین قابلِ فخر بچوں کی پرورش کی ہے اور ایک ایسی فاؤنڈیشن بنائی ہے جو دنیا بھر میں کام کرتی ہے اور لوگوں کو صحت مند اور سود مند زندگی گزارنے میں مدد کر رہی ہے۔’

ہم اب بھی اس مشن پر یقین رکھتے ہیں اور ہم اس فاؤنڈیشن کے لیے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے، تاہم ہمارے نزدیک ہم بطور جوڑا اپنی زندگیوں کے اگلے مراحل میں ایک ساتھ ترقی نہیں کر سکتے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ‘ہمارے نزدیک اب ہم اب ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہوئے ترقی نہیں کر سکتے۔’

دونوں کی پہلی ملاقات 1980 کے اوآخر میں ہوئی تھی جب ملینڈا نے بل گیٹس کی کمپنی مائیکروسافٹ میں نوکری کا آغاز کیا تھا۔ ان کے اب تین بچے ہیں۔ یہ دونوں مشترکہ طور پر فلاحی تنظیم بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا انتظام بھی سنبھالتے ہیں۔

ان کے فاؤنڈیشن نے متعدی امراض کے خلاف جنگ اور بچوں میں ویکسینیشن کی حوصلہ افزائی کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں۔ یہ دونوں سرمایہ کار وارن بفیٹ کے ساتھ مل کر ‘گِونگ پلیج’ نامی مہم کا بھی حصہ ہیں جو ارب پتی افراد سے اپنی دولت کا زیادہ تر حصہ اچھے کاموں میں خرچ کرنے کے لیے چلائی گئی ہے۔ فوربز کے مطابق بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان کی کل دولت 124 ارب کے قریب ہے۔ انھوں نے یہ دولت 1970 کی دہائی میں مشترکہ طور پر قائم کی جانے والی دنیا کے سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے ذریعے کمائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: