کراچی(احسان یونس)مومن آباد کے علاقے فقیر کالونی میں پولیس سرپرستی میں منشیات کا کاروبار عروج پر ہے۔موت کے سوداگر یومیہ لاکھوں روپے کا دھندہ سرعام کر رہے ہیں،پولیس کو بھی منشیات فروشوں کی جانب سے پرکشش ہفتہ دیا جاتا ہے جس کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے فقیر کالونی میں 10 سے زائد مقامات پر پولیس کی سرپرستی میں منشیات فروشی کا کاروبار جاری ہے جہاں بدنام زمانہ منشیات فروش بلال،رشید عرف دادا اور مستقیم کے کارندے سرعام منشیات فروخت کر رہے ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے باوردی اہلکار مومن آباد کے تھانیدار کے نام پر فی منشیات فروش سے ہفتہ 40 ہزار روپے رشوت وصول کر رہے ہیں جس کے سبب فقیر کالونی میں منشیات کا کاروبار آزادانہ طور پر جاری ہے۔
جہاں نوجوان نسل کو 5 سے زائد اقسام کا اشیائے نشہ فراہم کیا جاتا ہے۔پولیس سرپرستی میں سجی منشیات کی منڈی میں 5 کے لگ بھگ اقسام کا نشہ موجود ہے جس میں ہیرون ، آئس ، چرس، کرسٹال اور انجکشن، شامل ہیں۔فقیر کالونی میں منشیات کے عادی افراد منشیات کے حصول کیلئے گھر کے برتن اور ماؤں کے زیورات تک مارکیٹ میں نیلام کر رہے ہیں۔
نسل نو منشیات کی با آسانی دستیابی کے باعث نشے کی لت میں مبتلا ہو رہی ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ انہیں منشیات باآسانی مل جاتی ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں منشیات کا استعمال کرنے والے افراد کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب مومن آباد پولیس محض وصولیوں میں مصروف ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مومن آباد تھانے کی حدود میں منشیات فروشوں کی طوطی بول رہی ہے جبکہ دوسری جانب پولیس حکام ماتحت اہلکاروں کے تبادلوں اور مقدمات کے اندراج کے علاؤہ کچھ بھی کرنے کیلے تیار نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مومن آباد کی فقیر کالونی منشیات کی سب سے بڑی منڈی میں تبدیل ہو چکی ہے،شہری منشیات فروشوں کے رحم و کرم پر ہیں زرائع نے بتایا ہے مومن آباد کے علاقے میں منشیات فروشی کا دھندا دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کر رہا ہے پولیس سربراہان منشیات کی روک تھام کیلئے جتنی بھی کوششیں کر رہے ہیں وہ ابھی تک مومن آباد میں مؤثر ثابت نہیں ہوئیں،15 سال سے لے کر 26 سال تک کے نوجوانوں کو موت کی پڑیاں باآسانی دستیاب ہیں اور موت کے سوداگر پولیس ادائیگیوں کی بنیاد پر بلاخوف و خطر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے مقامی حلقوں نے آئی جی سندھ،ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس سے منشیات فروشی کی فوری روک تھام کی اپیل کرتے ہوئے منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تا کہ نوجوانوں کو منشیات سے دور کر کے انہیں صحت مندانہ سرگرمیوں کا عادی بنایا جا سکے۔