کراچی: واٹر بورڈ میں مافیا بن کر ادارے کو مبینہ بھاری مالی نقصان اور یومیہ کروڑوں گیلن پانی کی مبینہ چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
سب سوائل واٹر،غیر قانونی کنکشنز،غیر قانونی ہائیڈرنٹس کی سرپرستی میں ملوث افسران کیخلاف احتساب کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس کے لیے انچارج اینٹی تھیفٹ سیل واحد شیخ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد مبینہ کرپشن،بدعنوانی اور لوٹ مار کے سنگین انکشافات منظر عام پر آنے لگے۔
منگھوپیر،بلدیہ ،کنواری کالونی،جنجال گوٹھ،دنبہ گوٹھ،کورنگی سیکٹر 23 سمیت دیگر علاقوں میں مبینہ کروڑوں روپے ماہانہ نذرانوں کے عوض بڑے پیمانے پرغیر قانونی ہائیدرنٹس چلائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ صلاح الدین اور سی او او اسداللہ خان نے نئے تعینات افسران کو غیر قانونی ہائیڈرنٹس،غیر قانونی کنکشن کے ذریعے بڑے بڑے تھلو،برف خانوں اور ملز کو دیئے گئے کنکشن فوری منقطع کرنے کا ٹاسک دیدیا۔
واٹر مافیا کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کیلئے قانون نافذ کرنے والوں کی مدد بھی طلب کرلی گئی،واٹر بورڈ کو کروڑوں کا ماہانہ نقصان پہنچانے والے افسران کیخلاف کارروائی کیلئے تحقیقاتی اداروں سے رجوع پر بھی غور کیا جارہا ہے۔انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق ادارہ فراہمی ونکاسی آب کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور ایم ڈی صلاح الدین اور چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او) اسداللہ خان نے شہر قائد سے واٹر مافیا کے مکمل خاتمے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ میں پانی چور مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے اینٹی تھیف سیل قائم کیا گیا تھا تاہم محکمے کی انتہائی مایوس کن کارکردگی اور واٹر مافیا کے ساتھ ملی بھگت کے الزامات اور شکایات کے انبار جمع ہونے پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے انچارج اینٹی تھیف سیل واحد شیخ کو عہدے سے برطرف کردیا جس کے فوری بعد اینٹی تھیف سیل میں کی جانے والی سنگین کرپشن اور لوٹ مار کے انکشافات بے نقاب ہونا شروع ہوگئے ہیں،
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس،غیر قانونی کنکشن اور سب سوائل واٹر کے نام پر میٹھے پانی کی یومیہ کروڑوں گیلن انتہائی منظم انداز سے چوری کرنے کا سلسلہ جاری تھا،ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی تھیف سیل غیر قانونی کنکشن کیخلاف کارروائی کے بجائے غیر قانونی کنکشن کا سرپرست بن گیا تھا جس کے حوالے سے سینئر افسران کی جانب سے بھی متعدد شکایات حکام کو پہنچائی گئی تھیں۔
دریں اثناءایم ڈی واٹر بورڈ صلاح الدین اور سی او او اسداللہ خان نے واٹر مافیا کیخلاف کمر کس لی ہے اور پانی چورمافیا کے سرپرست اور سہولت کاروں کیخلاف بھی بڑی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے مدد مانگ لی گئی ہے اور جلد بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کیا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں اینٹی تھیف سیل کے انچارج تعینات کئے جانے والے سینئر افسر تابش رضا حسنین کو واٹر مافیا کا جڑ سے خاتمہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے،واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چیف سکیورٹی آفیسر کی حیثیت سے تابش رضا حسنین نے شہر میں قائم سینکڑوں ہائیڈرنٹس کو مسمار کیا تھا تاہم بااثر واٹر مافیا نے ان کا تبادلہ کرادیا تھا تاہم موجودہ ایم ڈی واٹر بورڈ نے تابش رضا حسنین کو اینٹی تھیف سیل کا انچارج تعینات کرکے ایک مرتبہ پھر واٹر مافیا کیخلاف بلا خوف وخطرکارروائی کی ہدایت کردی ہے۔