ریڈلائن،بی آر ٹی بس ڈپو کے لئے الہ دین پارک میں 10 ایکڑ زمین مختص

کراچی :صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی بس ڈپو کے لئے 10 ایکڑ زمین الہ دین پارک میں مختص کردی گئی ہے۔بس ڈپو مسئلہ حل ہونے سے ایشین ڈیولپمنٹ بنک کے ساتھ معاملات بھی حل ہوجائیں گے۔

سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے کراچی میں جلد الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا ، جس کی تیکنیکی منظوری ایک اجلاس میں دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی ٹیکسی سروس کے مقابلے میں الیکٹرک ٹیکسی سروس سستی، محفوظ اور آرام دہ ہوگی۔الیکٹرک ٹیکسی سروس کا کرایہ 2 سو سے 5 سو تک کا ہوگا اور یہ دو فیز میں لارہے ہیں ، جس میں پنک سروس اور دوسری بلیو سروس شامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز پنک ٹیکسی سروس سے ہوگا ۔ جوکہ صرف خواتین کے لئے مختص ہوگی اور سروس کی ڈرائیورز بھی خواتین ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسی سروس میں مسافروں کی حفاظت کے لیے مانیٹرنگ سسٹم اور کیمرے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر کر رہے ، ہیں ، اورینج لائن کا آغاز کردیا ہے ، اس کو گرین لائن سے منسلک کرنے کے لیے ریڈزائین کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس کی کراچی ، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں کامیابی کے بعد رواں ماہ سکھر میں پیپلز بس سروس بھی شروع ہونے جارہی ہے۔ صحافیوں کے سوالوں پر جوابات دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پوری دنیا میں ہوتے ہیں۔ کسی سے موازنہ نہیں کررہا اور نہ ہی اس کا دفاع کر رہا ہوں لیکن لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے امن و امان کو بھی دیکھیں۔ ۔

سیلاب متاثرین کے سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اج بھی ریلیف کا کام پوری طرح جاری ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہر بین الاقوامی فورم پر سیلاب سے تباہی اور موسمیاتی انصاف کی اواز بلند کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: