بلاول نے موجودہ حالات میں انتخابات کو ملکی مفاد کے خلاف قرار دے دیا

واشنگٹن:وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے موجودہ حالات میں انتخابات کو ملکی مفاد کے خلاف قرار دے دیا ۔

ان کا کہناہے کہ موجودہ صورتحال میں قبل از وقت انتخابات ملکی مفاد میں نہیں ہیں،انتہائی بدقسمتی ہے کہ عمران خان جب سے اقتدار سے اترے ہیں، وہ الیکشن ہی کا لاگ الاپ رہے ہیں۔

امریکی ٹی وی بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے بلاجواز احتجاج سے ملک کو نقصان پہنچ رہاہے، موجودہ صورتحال میں قبل از وقت انتخابات ملکی مفاد میں نہیں ہیں۔بھارت سے متعلق سوال پر مودی کو گجرات کا قسائی کہنے کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا میں نے بھارتی وزیراعظم سے متعلق تاریخی حقیقت دہرائی ہے۔

بلاول نے کہا کہ بھارتی مسلمان مودی حکومت کے تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں، مودی حکومت گجرات میں انتہائی مظالم ڈھا رہی ہے۔ بلاول بھٹو نے بتایا کہ بی جے پی لیڈر نے ان کے سرکی قیمت 2 کروڑ روپے لگائی ، یہ اشتعال انگیز حرکت ریاست اترپردیش کے بی جے پی لیڈر منوپل بنسل نے کی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب کے بعد بحالی کے لیے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے، سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی برائے ایشیا کے چئیرمین ایمی بیرا سے ورچوئل ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بلاول نے اپنے ٹو یٹ میں بتایاکہ امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی برائے ایشیا کے چئیرمین سے مفید گفتگو ہوئی۔

دوران گفتگو پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارت ،سرمایہ کاری، تعلیم، زراعت اور موسمیاتی تبدیلی میں شراکت داری کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا امریکی کانگریس کی جانب سے پاکستان کی بحالی کو مزید بہتر اور سرسبز بنانے کی کوششوں میں مدد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے رہنماؤں سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زر داری نے ملاقات کی جس میں مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا کی۔بلاول نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ ہمیں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی کامیابی پر فخر ہے۔ پاکستان کی قومی ترقی میں ان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہیں۔ ہمارے متحرک تارکین وطن مضبوط پاک امریکہ تعلقات کا اثاثہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: