کراچی:صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحالی اورترقی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے اچھے اوردرست فیصلے کرنا ناگزیرہیں،دانشمندی اوربہترفیصلہ سازی سے ملک میں معاشی بحالی ممکن ہوسکتی ہے۔
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ملک میں مسائل کے باوجود امید کی کرنیں موجود ہیں،سیاست دانوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا،پاکستان کے پاس بہترین ماہرین موجود ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ چیزوں پرعمل نہیں ہوتا،تاجربرادری پرزوردیتے ہوئے صدرنے کہا کہ بزنس چیمبرزخواتین کیلئے مواقع بڑھائیں۔
صدرڈاکٹرعارف علوی نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے زیراہتمام خصوصی افراد کیساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے خصوصی افراد کی رسائی کو بہتربنانے اورانہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ٹھوس کوششیں کرنیکی ضرورت پرزوردیا تاکہ انہیں ملک کا مساوی، کارآمد اورفعال شہری بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو مرکزی دھارے کے اداروں میں تعلیم اورروزگار کے مواقع فراہم کرنیکی ضرورت ہے،عالمی سطح پرخصوصی افراد کے حوالے سے رویہ تبدیل ہورہا ہے اورانہیں زندگی کے تمام شعبوں میں سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اس موقع پرخاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے گفتگو کرتے ہوئے معاشرے کو مزید جامع بنانے،خصوصی افراد کو معاون ٹیکنالوجی فراہم کرنے،ون ونڈو اور آن لائن آپریشنز کے ذریعے نادرا کے ساتھ ان کی رجسٹریشن میں آسانی پیدا کرنے،ملازمت کا کوٹہ پورا کرنے اورانہیں مرکزی دھارے کے تعلیمی اداروں میں تعلیم دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
گورنرکامران خان ٹیسوری نے کہا کہ خصوصی افراد کو مرکزی دھارے میں لانے کا جذبہ تعلیمی اداروں میں شامل کیا جانا چاہیئے اورہمارے معاشرے میں جامع تعلیم اورروزگار کو یقینی بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ اسٹیک ہولڈرزکی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے،انٹرایکٹو ڈائیلاگ میں معذورافراد،مختلف نجی تنظیموں، چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
