Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
ملک بھر میں دھند کا راج ،فضائی اور ریلوے کا آپریشن متاثر | زرائع نیوز

ملک بھر میں دھند کا راج ،فضائی اور ریلوے کا آپریشن متاثر

کراچی ،لاہور،ملتان: کراچی ، لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کا راج برقراررہا ،فضائی آپریشن شدید متاثر،ٹرینیں تاخیر کا شکار،سردی نے گیس کو بھی جما دیاہے۔

بتایاگیاہے کہ لاہور میں گزشتہ روز موسم سرد اور خشک رہا جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں بعض مقامات پر دھند رہی۔ گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم سرد اور خشک رہنے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔

دھند کے باعث ملتان ایئر پورٹ پر حد نگاہ 150 میٹر رہ گئی جبکہ لاہور ایئر پورٹ پر حد نگاہ 600 میٹر رہی۔ دھند کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 6305 ساڑھے 4 گھنٹے ، لاہور سے مدینہ کی پرواز پی کے 715 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 735 بھی ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔ دوسری جانب پی آئی اے کی جدہ سے آنے والی پرواز پی کے 860 کو اسلام آباد میں اتار لیا گیا، کراچی سے لاہور پہنچنے والی پروازوں کو بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی سے لاہور آنے والی پاک بزنس ایکسپریس7 گھنٹے ،کراچی براستہ فیصل آباد اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی پاکستان ایکسپریس 7 گھنٹے،کراچی براستہ فیصل آباد اور پشاور کے درمیان چلنے والی رحمان بابا ایکسپریس 6 گھنٹے 40 منٹ ،کراچی سے لاہور آنے والی کراچی ایکسپریس5 گھنٹے،کراچی سے لاہور آنے والی تیزگام ایکسپریس 5 گھنٹے،کراچی براستہ فیصل آباد ملکوال کے درمیان چلنے والی ملت ایکسپریس 5 گھنٹے ،کراچی سے لاہور آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس 3 گھنٹے 40 منٹ ،مچھ سے لاہور آنے والی جعفر ایکسپریس 3 گھنٹے 30 منٹ،کراچی سے لاہور آنے والی خیبر میل ایکسپریس 3 گھنٹے ،کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس2 گھنٹے 30 منٹ اور کراچی سے لاہور آنے والی فرید ایکسپریس 2 گھنٹےتاخیر کا شکار ہوئیں۔

سردی کی شدید لہر کی وجہ سے لاہور سمیت کئی شہروں میں گیس پریشرمیں کمی نے گھریلو صارفین کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے لاہور کے علاقہ بھاٹی گیٹ، انار کلی، رنگ محل، نسبت روڈ، گوالمنڈی، فیروز پور روڈ، سبزہ زار، گڑھی شاہو ،گرین ٹائون، ہربنس پورہ، سمن آباد، اچھرہ، گلشن راوی، چوبرجی ، محمد نگر ، شالیمار اور مزنگ سمیت کئی علاقوں میں صارفین کو گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے ۔

دسمبر کا آخری ہفتہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سرد ترین لیکن خشک گزرنے اور دھند اندھا دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔