کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میرے گمان میں بھی نہیں تھا کہ میں 50ٹیسٹ میچز کھیل پاؤں گا، کراچی ٹیسٹ میں پہلی تین گیندوں پر میرے دل کی دھڑکن آؤٹ آف کنٹرول تھیں۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ میں ایک بار پھر موقع ملنا میری زندگی کا بہت اہم لمحہ تھا، ورنہ میں تو سوچ چکا تھا کہ میں شاید 50 ٹیسٹ میچز نہیں کھیل پاؤں گا، جب میں پہلے دن لنچ سے قبل بیٹنگ کے لئے گیا تو مجھے لگ رہا تھا جیسے میں پہلا میچ کھیل رہا ہوں، میرے دل کی دھڑکن اس قدر زیادہ تھی کہ اگر دل کی دھڑکن ناپنے والا آلہ ہوتا تو وہ بھی پھٹ جاتا۔
ان کا کہنا تھاکہ پہلی تین گیندیں بہت مشکل تھیں تاہم جب لنچ کے دوران ڈریسنگ روم گیا تو سب کھلاڑیوں نے میری حوصلہ افزائی کی، خصوصاً کپتان بابرا عظم نے بہت حوصلہ بڑھایا اور میری ہمت بندھائی۔
سرفراز کا کہنا تھا کہ سنچری نہ کرنے کا کوئی افسوس نہیں، کوشش کی تھی کہ میری اننگز پاکستان کے کام آجائے۔
