امریکہ،جاپان اور فلبائن میں تباہی ! برفباری،بارش سے 85 سے زائد ہلاکتیں

نیویارک :امریکہ میں برفباری سے ہلاکتیں 55ہوگئیں ،نیویارک کے گورنر کی جانب سے مزید برف باری کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔جاپان میں شدید برف باری سے 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے،فلپائن میں بارش اور سیلاب سے 13اموات ہوئی ہیں۔

امریکہ میں شدید سرد موسم اور برف باری سے نظام زندگی منجمد ہوکر رہ گیا، مختلف حادثات میں اموات کی تعداد بڑھ کر 55 ہوگئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق بدترین طوفان سے نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

شہر بفیلو میں 27 افراد ہلاک ہوئے۔امریکی میڈیا کے مطابق مغربی نیویارک کے کچھ حصوں میں 43 انچ سے زیادہ برف پڑی ہے، برفانی طوفان کی وجہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔انٹرنیشنل ایئرپورٹ بدھ تک کیلئے بند رہیں گے جبکہ امریکہ بھر میں تین ہزار پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ان کی دعائیں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں، انہوں نے متاثرہ ریاستوں کو وفاقی مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

نیویارک کی ریاست کے گورنر نے خبردار کیا ہے کہ ’’صدی کا طوفان‘‘ابھی تھما نہیں جب کہ امریکی ریاست نیویارک کی ایری کائونٹی میں حکام نے بتایا کہ کرسمس کی چھٹیوں کے موقع پر مغربی نیویارک کو مفلوج کرنے والے طاقتور برفانی طوفان کے باعث ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 25 ہوگئی ہے۔

فلپائن میں بارش اور سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 13 ہو گئی۔

زیادہ تر اموات شدید بارشوں کے باعث ریلے میں ڈوبنے سے ہوئی ہیں۔ریسکیو حکام نے متاثرہ علاقوں میں لاپتہ 23 افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ 45 ہزار سے زائد افراد انخلا کے مراکز میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

فلپائن کے جنوبی حصے میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے۔