پی پی کے خلاف الائنس، پی ایس پی اور ایم کیو ایم میں‌ قربتیں‌ بڑھنے لگیں

کراچی: مصطفی کمال نے پی ایس کے احتجاج کے دوسرے مرحلے کااعلان کرتے ہوئے میئر کراچی اور ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی کی تائید کردی ہے۔

پریس کلب کے باہر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پی سربراہ کا کہنا تھا کہ پارٹی کا ایک ایک کارکن ہر گھر پر دستک دے گا اور میرا پیغام پہنچائیں گے جس کے بعد 10لاکھ افراد لے کرسڑکوں پرنکلیں گے اور محلات تک مارچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پولیس والے بھی ساتھ ہونگے کیونکہ ان کے بچوں کے مستقبل کا بھی سوال ہے۔ 10 لاکھ افراد میری بتائی ہوئی جگہ پرنکلیں گے اور آدھے گھنٹے میں مسائل حل ہوجائیں گے اور اگر مسائل حل نہیں ہوئے تو پیپلز پارٹی کو ان کا حکومت کرنا محال ہوجائے گا۔ہم عوام کو کراچی کے مسائل کے حل کے لئے بلا رہے ہیں کسی کو ووٹ، کھالیں، زکوٰة اور فطرانہ مانگنے کے لئے نہیں بلا رہے۔

پڑھیں: عوام 23 اپریل کو پی پی حکومت مسترد کردیں گے، عامر خان

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے مصطفیٰ کمال کے بیان اور ریلی کی تائید پر اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا اور ریلی کے کامیاب انعقاد کی حکمت عملی پر غور کیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس پی اور اُن کی جماعت کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے کیونکہ ہمارا مقصدر شہر کے مسائل کو حل کروانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: