اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا ءاﷲ نے گزشتہ روز پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور اسلام آباد آئی ٹین دھماکے میں زخمی پولیس جوان محمد حنیف کی عیادت کی اورگلدستہ اورچیک پیش کیا۔
میڈیاسے گفتگو میں وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں کی فرض شناسی، حاضر دماغی اور پیشہ وارانہ مہارت نے اسلام آباد کو کسی بڑے حادثے سے بچایا،پوری پاکستانی قوم آپ کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیر داخلہ نے پولیس اہلکار کو فرض شناسی اور پیشہ وارانہ ڈیوٹی سرانجام دینے پرزبردست خراج تحسین اور سلام پیش کیا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ پولیس جوانوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر دہشتگردکو روکا، پوری قوم ان کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شہید عدیل حسین کے لئے فوری شہید پیکیج کی منظوری دی، ان کو تمغہ شجاعت بھی دیا جائے گا، زخمی جوانوں کا بھی ہر طرح سے خیال رکھا گیا ہے،ان کی مزید کفالت جاری رکھی جائیگی۔
