کراچی: حکومت سندھ اور محکمہ صحت کے بلند و بانگ دعوے ہوا کا جھونکا ثابت، سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت اور علاج معالجے کی ناقص سہولیات کےبعد ناکارہ لفٹس کا پول بھی کھل گیا۔
وزیر صحت بھی سول اسپتال کی لفٹ میں پھنس گئی، تفصیلات کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو سول اسپتال کی لفٹ میں پھنس گئیں، چائلڈ سرجری آپریشن تھیٹر کا افتتاح کرنے پہنچی تھیں۔
ذرائع کے مطابق لفٹ کا دروازہ کھولنے کیلئے بجلی کی تاروں کو کاٹا گیا اور دروازے کا لاک توڑ کر صوبائی وزیر کو باہر نکالا گیا، سرکاری ذرائع کے مطابق لفٹ اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے خراب ہوئی۔
وزیر کے ساتھ ایم ایس سمیت 10 افراد لفٹ میں سوار تھے، علاوہ ازیں وزیر صحت نے لفٹ کی خرابی پر شدید برہمی کا اظہار اور رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے کہا کہ بجٹ فراہمی کے باوجود ناقص سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
