اسلام آباد: ترک بحری جہاز ’’برگازادا‘‘ نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا اور دوطرفہ بحری مشق ’’ٹرگٹ رائس ہفتم‘‘ میں شرکت کی۔ قبل ازیں کراچی بندرگاہ پہنچنے پر پاک بحریہ کے افسران اور ترکیہ ہائی کمیشن کے عملے نے جہاز کا استقبال کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران ترک بحری جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے کمانڈر پاکستان فلیٹ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران مشترکہ پیشہ ورانہ امور بشمول سمندر میں دو طرفہ مشقوں کی منصوبہ بندی، پیشہ ورانہ موضوعات پر ٹیبل ٹاپ ڈسکشن سمیت کھیلوں اور سماجی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
جہاز کے وفد کی جانب سے مزار قائد پر حاضری اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین باہمی تعاون اور انضمام کو مضبوط کرنا تھا۔
بندرگاہ کے دورے کی تکمیل پر پاک بحریہ اور ترک بحریہ کے جہازوں نے دو طرفہ مشق’’ٹرگٹ رائس ہفتم‘‘ میں حصہ لیا۔ پیشہ ورانہ مہارت کو مزید نکھارنے اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے شمالی بحیرہ عرب میں مشترکہ گشت کیا۔
