کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹوکا95واں یوم پیدائش آج منایا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام ملک اور بیرون ملک تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں کیک کاٹے جائیں گے جبکہ کارکن ذوالفقار علی بھٹو کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف زرداری نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے یوم ولادت پر جیالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی ذوالفقار علی بھٹوعوام کے دل پر حکمرانی کر رہے ہیں، قائد عوام کرشمہ ساز لیڈر تھے،انہوں نے عوام کو سوچنے کیلئے شعور، بولنے کیلئے زبان اور عزت سے سر اٹھا کر جینے کا سلیقہ سکھایا تھا۔
انہوں نے کہاکہ بھٹو شہید نے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کیلئے دنیا کی طاقتور قوتوں سے ٹکر لی، وہ پاکستان کو ایسی ایٹمی قوت بنانا چاہتے تھےجہاں جدید سائنسی بنیادوں پر میڈیکل اور انجینئرنگ کی صلاحیت ہو ، انرجی میں ملک خود کفیل ہو اور زراعت میں ایسی ترقی کرے کہ پاکستان خوراک کی پیداوار میں ترقی یافتہ ممالک سے آگے ہو۔
ان کاکہنا تھاکہ آج ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک بار پھر ایسا باوقار ملک بنائیں گے جس کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے زندگی بھر جدوجہد کی تھی،ہمارا عزم ناقابل شکست ہے۔
