کراچی: ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے انکشاف کیا کہ اتوار کو شہر قائد میں ہونے والے سیاسی جماعت کے جلسے اور مذہبی جماعت کے دھرنے کے بعد سے 13 گاڑیاں بمعہ ڈرائیور لاپتہ ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اگر بسیں اور ڈرائیورز چوبیس گھنٹے میں بازیاب نہ کیے گئے تو جمعرات کو شہر میں کوئی گاڑی (بس، منی بس، کوچ) نہیں چلے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری 13 گاڑیاں بمعہ ڈرائیورز گذشتہ 2 دن سے لاپتہ ہیں، اتوار کو ایک سیاسی جماعت کے جلسے اور مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد گاڑیاں پراسرار طور پر لا پتہ ہوگئیں جن کا تاحال سراغ نہ مل سکا۔
اُن کا کہنا تھا کہ گاڑیوں پر مامور ڈرائیورز 2 روز قبل تک بریگیڈ تھانے کے لاک اپ میں موجود تھے، ہمیں شبہ ہے کہ ڈرائیوروں کو نامعلوم عناصر نے حبس بے جا میں رکھا ہے۔
ارشاد بخاری نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ لا پتہ گاڑیوں اور ڈرائیورز کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے، ڈرائیورز کی گمشدگی کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ کو بھی مطلع کردیا انہوں نے ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزارت ٹرانسپورٹ اور وزیر اعلیٰ سندھ بسوں اور ان کے ڈرائیورز کی پراسرار گمشدگی کا نوٹس لیں اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔
