کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابات کے التواء کے لیے سندھ حکومت کے الیکشن کمیشن کو ارسال کردہ خطوط واپس لینے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے دیئے گئے 24گھنٹوں کے الٹی میٹم کے ختم ہونے کے بعد جمعرات 5جنوری کو شام 4بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
حافظ نعیم نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابا ت کے التواء کے لیے گورنر ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس اور بلاول ہاؤس میں کی جانے والی سازشوں اور کوششوں کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کاکہناہے کہ ُپر امن احتجاجی دھرنا ہمارا آئینی و قانونی اور جمہوری حق ہے، شہر قائد ایک بار پھر نفرت و تعصب اور لسانی سیاست اور اس کے بھیانک نتائج کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
