کراچی : نارتھ ناظم آباد بلاک آر میں قائم نجی نفسیاتی و نشئی اسپتال میں زیر علاج مریض اسپتال انتظامیہ کی غفلت کے باعث بھاگ نکلے ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اس حوالے سے ایس ایچ او شارع نور جہاں انسپکٹر غلام نبی آفریدی نے بتایا کہ اسپتال سے نفسیاتی و نشئی مریضوں کے بھاگ جانے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پہنچ کر ایک درجن سے زائد مریضوں کو پکڑ کر اسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔
اسپتال سے بھاگ جانے کے دوران مریضوں نے اسپتال کے قریب کھڑی ہوئی ایک جیپ کو بھی نقصان پہنچایا جبکہ ابتدائی اطلاعات کے بعد اسپتال سے بھاگنے والے مریضوں کی تعداد 20 سے زائد بتائی جاتی ہے جبکہ اسپتال میں زیر علاج نفسیاتی و نشئی مریضوں کے اسپتال سے بھاگنے کی اطلاع پر علاقہ مکینوں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی درخواست نہیں دی گئی ۔