کراچی: وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ادارہ شماریات پاکستان کے تحت ہونے والی ڈیجیٹل مردم شماری ایک اچھا قدم ہے اور ہم اس کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ 2017 کی مردم شماری میں کم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو جو خدشات تھے وہ اب نہیں ہونگے اور اس سے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی ہوگی۔ مردم شماری کی بنیاد پر ملک اور صوبوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ شماریات پاکستان کے تحت آدم جی سائنس کالج میں آئندہ مردم شماری 2022 ڈیجیٹل مردم شماری کے شمارکنندہ کی تربیت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اوربات چیت کرتے ہوئے کیا۔
سعید غنی نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری ایک اچھا قدم ہے انہوں نے کہا کہ ہم اس کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، 2017 میں پیپلزپارٹی سمیت جن جن سیاسی جماعتوں کو جو خدشات تھے وہ اب نہیں ہونگے۔
سعید غنی نے کہا کہ درست مردم شماری سے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی ہوگی اور ملک کے پاس اگر آبادی کے اعداد و شمار درست ہوں گے تو ہم بہتر منصوبہ بندی کرسکیں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت ادارہ شماریات سے مکمل تعاون کریگی۔ انہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ ڈیجیٹل مردم شماری سے کراچی سمیت سندھ بھر میں رہنے والوں کی گنتی بہتر کی جائے گی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے مردم شماری بنیاد ہے، ماضی میں مردم شماری پر اعتراضات اٹھائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہر صورت صوبوں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہونی چاہیئے۔