کراچی : شہرقائد میں بجلی اورگیس کی عدم فراہمی سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا،پریشان حال عوام سڑکوں پرآنے کیلئے مجبورہوگئے۔
لیاری کی مختلف آبادیوں کے مکینوں نے ہفتہ کو ماڑی پوروڈ پربجلی اورگیس کی عدم فراہمی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اورمطالبہ کیا کہ گیس اوربجلی کی مصنوعی بندش کا خاتمہ کیا جائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کلری جمعہ بلوچ روڈ،زکری پاڑہ،حاجی بچل روڈ،راہماں آباد،احمد شاہ بخاری روڈ سمیت لیاری بھرمیں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے گیس کی سپلائی مکمل بند ہے جبکہ سوئی سدرن کی جانب سے بل بدستوربھیجے جارہے ہیں۔
مہنگائی میں مکین گیس سلنڈرکے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے جبکہ گیس کے بل کی بھی ادائیگی کررہے ہیں،مکینوں نے ماڑی پورروڈ آئی سی پل سے گلبائی تک بند کردیا جبکہ احتجاجی ریلی بھی نکالی،اس موقع پرماڑی پورروڈ پرگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
