راولپنڈی: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0سے برتری حاصل کرلی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے 337 رنز کا مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کیا۔
فخر زمان شاندار 180 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے جبکہ وہ اس اننگز سے ایشیا کے تیز ترین بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ محمد رضوان 54 رنز ، بابر اعظم 65، رنز پر آئوٹ ہوئے۔
میٹ ہینری، ہینری شپلے اور اِیش سودی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز سکور کیے۔ ڈیرل مچل 129، کپتان ٹام لیتھم 98 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔
حارث رؤف نے 4 جبکہ نسیم شاہ نے 1 وکٹ حاصل کی۔فخر کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ دیا گیا ۔ دوسری طرف فخر زمان نے ون ڈے کرکٹ میں 3 ہزار رنز مکمل کرلیے۔
اس کے ساتھ ہی پاکستانی بیٹر 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے تیز ترین ایشین بیٹر بن گئے ہیں۔ فخر زمان نے 67 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔فخر زمان مسلسل تین ون ڈے سنچریاں بنانے والے بھی چوتھے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
فخر زمان نے رواں برس جنوری میں کراچی میں نیوزی لینڈ ہی کیخلاف ہونے والی تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری میچ میں بھی سنچری کی تھی۔فخر زمان 3 مرتبہ 150 سے زائد رنز بنانے والے پہلے بیٹر بھی بنے ہیں ۔