کراچی کی ترقی کیلئےجس کے پاس جانا پڑا جاؤں گا،گورنرسندھ

کراچی: گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے میمن خدمت فورم کے 11 رکنی وفد نے حاجی معسود پاریکھ کی سربراہی میں گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں قومی ترقی میں میمن برادری کے کردار ، درپیش مشکلات اور حائل رکاوٹوں سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی ۔

گورنرسندھ نے کہا کہ قومی ترقی میں میمن برادری کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی میمن برادری فعال کردار ادا کررہی ہے اس ضمن میں میمن برادری کی فلاحی سرگرمیاں بھی قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہونے کے باعث خصوصی توجہ کا مستحق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر قائد تعمیر و ترقی کے لئے جس کے پاس جانا پڑا جاؤں گا،ملک کی خوشحالی کے لئے ہمیں اس شہر کو اپنانا ہوگا،شہر میں رہنے والے ہر فرد کو اس ضمن میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

گورنرسندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ میمن برادری کے مسائل اور درپیش مشکلات کو حل کیا جائے گا۔ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے نائب صدر پروفیسر خالد احمد اشرفی نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن انصار احمداور پروفیسر ارشاد وحید بھی موجود تھے ۔ملاقات میں طبی تعلیم کے فروغ ، ڈاکٹروں کی تربیت میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے کردار سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ اعلی طبی تعلیم کے فروغ کے لئے سی پی ایس پی کا کردار قابل ستائش ہے اس ضمن میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان طب کی اعلی تعلیم کے فروغ میں اہم ثابت ہورہا ہے ،اس کے تربیت یافتہ طبی ماہرین دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مختلف طبی شعبوں میں برطانیہ اور دیگر ممالک سے سی پی ایس پی کا قریبی تعاون لائق تحسین ہے ، اس سے مختلف شعبوں میں بہترین ماہر ڈاکٹر سامنے آرہے ہیں۔

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے مسجد مہابت خان پشاور کے خطیب مولانا محمد طیب قریشی اشرفی نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں علمائے کرام کے کردار اور اسلامی ضابطہ حیات کی اہمیت و ضرورت پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے اور موجودہ مشکلات دین اسلا م سے دوری کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں علمائے کرام کا کلیدی کردار ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اسلا م کے طے کردہ اصولوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام منبر و محراب سے اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کلفٹن میں منعقدہ ایٹ فوڈ فیسٹیول کراچی میں شرکت کی ۔ فیسٹول میں شریک عوام نے گورنر سندھ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عوام نے گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیا، لوگوں نے گورنر سندھ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔