کراچی: کورنگی میں 2سہیلیاں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں۔ پولیس نے والدین کی مدعیت میں اغوا کی دفعہ 364 اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
پولیس کو دی گئی مقدمہ اندراج کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورنگی دونمبر میں چودہ سالہ کنزہ بنت محمد جنید اور اس کی سہیلی 14 سالہ نائلہ دختر محمد نوید گھر سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں۔
نائلہ کورنگی نمبر دو میں اپنی سہیلی کنزہ کے گھر آئی تھی۔ کنزہ کے والد محمد جنید کے مطابق دونوں سہیلیاں گورنمنٹ ملت اسکول کورنگی ٹی ایریا میں ایک ساتھ پڑھتی ہیں۔
دوںوں کی دوستی بھی اسکول میں ہی ہوئی تھی۔دونوں بچیاں تین بجے دن گھر میں کام کررہی تھیں والد کے مطابق وہ گھر کی چھت پر تھے ساڑھے تین بجے گھر کی چھت سے نیچے آیا تو دونوں بچیاں گھر میں موجود نہیں تھیں ، محمد جنید کا کہنا ہے کہ گھروالوں سے دریافت کیا تو ملعوم ہوا دونوں بچیاں گھر سے باہر گئیں ہیں، کافی وقت گزر جانے پر تشویش ہوئی جبکہ اسی اثنا میں نائلہ کے والد نوید بھی بیٹی کو لینے آگئے۔
محمدنوید کے ساتھ ملکر بچیوں کو علاقے میں تلاش و معلومات کرتے رہے، بچیوں کے متعلق معلومات نہ ملنے پر پولیس سے رابطہ کیا۔
