کراچی: قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی و تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء حلیم عادل شیخ نے بلدیاتی الیکشن فوج اوررینجرزکی نگرانی میں کرانیکا مطالبہ کرتے ہوئے ویڈیو بیان میں کہا کہ کراچی،حیدرآباد کے بلدیاتی الیکشن رکوانے کیلئے بڑی سازش کی جارہی ہے،اس سازش میں پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم شامل ہے،دونوں جماعتیں چاہتی ہیں،کسی بھی طریقے سے الیکشن سے راہ فرارمل جائے اگرالیکشن نہیں رکے تو انکے پاس خطرناک پلان بی موجود ہے اس پلان بی پربلاول ہاؤس اورگورنرہاؤس جسے نائن زیرو بنایا ہوا ہے رات کے اندھیرے میں اجلاس ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت،الیکشن کمیشن،پریذائیڈنگ افسر،آراو،ٹیچر،پولیس سب انکے ہیں اس الیکشن کو یہ جماعتیں خونی الیکشن بنانا چاہتی ہیں،پولیس نے بلدیاتی الیکشن میں ٹھپے لگانے ہیں،فوج اوررینجرزکی نگرانی میں الیکشن کرائے جائیں۔
تحریک انصاف کے رہنماء خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کیلئے حکومتی سطح پر10 سالوں میں کوئی رہائشی اسکیم متعارف نہیں کروائی گئی،رہائشی اسکیم نہ ہونے سے شہرمیں کرائے کے گھروں پررہنے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی جارہی ہے،پی پی کا نعرہ روٹی کپڑا مکان صرف عوام کیلئے لطیفے کی طرح ہے،کراچی میں بلڈرمافیا کو نوازنے کیلئے حکومتی رہائشی اسکیم نہیں لائی جاتیں۔
انہوں نے کہاکہ کراچی کے بنیادی مسائل کا حل صرف پی ٹی آئی کے پاس ہے،پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم متعارف کرائی،پی ٹی آئی کا میئراپنی صلاحیتوں اورانقلابی فیصلوں سے عوامی مسائل حل کریگا۔
