کراچی: سرجانی ٹاؤن کے علاقے یارو گوٹھ میں مسلح ڈاکوؤں نے گھر سے جہیز کا سامان لوٹنے کے بعد گھر کے واحد کفیل کوقتل کردیا اور فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق سرجانی ٹاؤن یارو گوٹھ سیکٹر سی مکان نمبر 319 میں فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کی لاش اسپتال منتقل کی گئی، جس کی شناخت 33 سالہ سلمان ولد شکیل کے نام سے ہوئی منگل اور بدھ کی درمیانی شب 2 ڈاکو دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور اندر سے گیٹ کھول دیا۔
4 ڈاکو گھر کی چھت پر گئے اور 4 گھر کے اندر داخل ہوگئے جب کہ 2 ڈاکو گھر کے باہر پہرہ دیتے رہے۔ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یر غمال بنا کر الماریوں اور دیگر جگہوں سے بیٹی کی شادی کے لیے تیار کئے گئے طلائی زیورات ، قیمتی کپڑے اور دیگر سامان لوٹ کر ایک پوٹلی میں باندھا اور موٹرسائیکلوں پر فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق اس دوران نوجوان سلمان ان کے پیچھے للکارتا ہوا بھاگا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے سلمان کو 2 گولیاں لگیں اور سینے میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔مقتول سلمان 3 بھائیوں اور 4 بہنوں میں سب سے بڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا،وہ کپڑوں پر کمپیوٹرائزڈ ایمبرائیڈری کا کام کرتا تھا۔
مقتول کی 2بہنیں شادی شدہ جبکہ مقتول خود غیر شادی شدہ تھا۔ سلمان علاقے کی مسجد کمیٹی کا رکن اور محلے سے مسجد کا چندہ بھی اکٹھا کرتا تھا۔
