کراچی : پولیس نے کراچی سے کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے 3 دہشت گرد گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاہے۔
ملزمان نے چند روز قبل پولیس پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک اہل کار شدید زخمی ہوگیا تھا جب کہ بلوچستان میں حملوں میں تین اہل کارشہید ہوچکے ہیں۔ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ کے 3 دہشت گردوں عدنان،شہزاد اوریاسر کو اتحاد ٹاؤن سے گرفتار کیا گیاہے ۔
پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی ، جس پر جوابی فائرنگ سے ملزمان زخمی ہوگئے ۔ ملزمان کو بیرون ملک سے آپریٹ کیا جاتا ہے جو ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔پولیس کے مطابق اس سے قبل بلوچستان میں حملوں میں 3 اہلکارشہید ہوچکے ہیں اورچند روز قبل انہی ملزمان نے بلدیہ ٹاؤن میں پولیس پرحملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک اہل کارحنیف شدید زخمی ہوگیا تھا جوکہ نجی اسپتال میں زیرعلاج ہے۔
ملزمان انتہائی منظم اندازمیں وارداتیں کرتے ہیں،ان میں ریکی کرنے والا اورکارروائیاں کرنے والا گروپ الگ الگ ہے۔ملزمان نے 31 مارچ 2022ء کو حب ریورروڈ پر واقع پٹرول پمپ پرواردات کرتے ہوئے 8 لاکھ روپے،موبائل فون اوردیگرسامان لوٹا تھا۔انہی ملزمان نے 24 دسمبر 2022ء کو مواچھ گوٹھ پل پر واردات کے دوران 2 افراد فرید احمد اورمحمد فرحان کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے بینک ڈکیتیوں،پٹرول پمپ لوٹنے اورگھروں میں ڈکیتی کے علاوہ متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
ملزمان اس سے قبل بھی گرفتارہوکرجیل جاچکے ہیں اورانکے 3 ساتھی فرارہیں۔تحقیقات میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
