کراچی: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کے بیلٹ باکس کی سیلیں توڑنے کا نوٹس لیتے ہوئے فردوس شمیم کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکالنے کا حکم دیا۔
رکنِ سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ میں نے سیل نہیں توڑی بلکہ الیکشن کمیشن کے نظام میں موجود نقائص بے نقاب کیے۔ سیلز بہت ڈھیلی تھیں جو آسانی سے ایک انگلی کے ذریعے کھولی جاسکتی ہیں۔
فردوس شمیم نقوی کی وائرویڈیو سے متعلق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی کی یوسی 2 تحصیل میونسپل کمیٹی جناح میں بیلٹ باکس کی سیلیں توڑی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن نے فردوس شمیم نقوی کو پولنگ اسٹیشن سے بے دخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ غیر قانونی حرکت اور ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
الیکشن کمشنر سندھ نے ڈی آر او ایسٹ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس کی سیل توڑی، یہ عمل انتخابی ضابطۂ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔فردوس شمیم نقوی کو فوری پولنگ اسٹیشن سے باہر نکالا جائے، پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس کی سیل توڑنے کی فوری رپورٹ بھی دی جائے۔
رکنِ سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے الیکشن کمیشن حکام اور سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر سیلز کو کھولنا اتنا آسان ہو تو پولنگ مکمل ہوتے ہی بیلٹ باکس کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
