سرینگر: بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بڈگام میں دو کشمیری نوجوانوں اربازمیز اورشاہد شیخ کوجعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔ ضلع میں واقع عدالتوں کے قریب مرکزی چوک پر فوجیوں نے گاڑی پر سوار نوجوانوں کواتارکر گولیاں مارکرشہید کیا۔
نوجوانوں کی شہادت کے بعد جنوبی اور وسطی کشمیر میں صورت حال کشیدہ ہوگئی ہے بھارتی فورسز نے بڈگام کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے ۔ جموں کی ایک عدالت میں دو کشمیری نوجوانوں الطاف حسین شاہ اور محمد قاسم کے خلاف جھوٹے مقدمہ میں چارج شیٹ دائر کردی گئی۔ اسلام آباد کے علاقے سنگم میں ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہو ئی ہے ۔ضلع ریاسی میں37 سالہ قمر دین نامی شخص پہاڑی کی چوٹی سے گر کر جاں بحق ہو گیا۔زمینوں سے جبری بیدخلی کیخلاف شہریوں کے مظاہرے جاری ہیں ،بھارتی سپریم کورٹ نے کشمیری نوجوان عامر ماگرے کے والد کی قبر کشائی کیلئے درخواست مسترد کردی۔
سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کشمیرمیں امرناتھ اور ویشنو دیوی یاترا کے دوران بڑی تعداد میں ہندو یاتریوں کی آمد خطرناک ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداﷲ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی شناخت،وحدت اور ہم آہنگی کو قائم و دائم رکھنا ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت خاص طور پر جموں خطے میں مسلمانوں اور دلتوں کی املاک اور زمینیں چھین رہی ہے۔