عمران کا شوکت خانم فنڈز سے سرمایہ کاری کا اعتراف

لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کرلیا ۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف دس ارب روپے کے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور زمان پارک سے عدالت میں پیش ہوئے۔کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ نے کی۔خواجہ آصف کے وکیل بیرسٹر حیدر رسول نے عمران خان سے ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی اور عمران خان سے شوکت خانم کی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق سوالات کیے۔ عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کرلیا۔

عمران خان نے بتایا کہ اس وقت یاد نہیں کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا نام کیا تھا، جو تین ملین ڈالرز تھے وہ بورڈ ممبر کی جانب سے واپس جمع کرا دیئے گئے تھے تو معاملہ ختم ہوگیا۔وکیل خواجہ آصف نے کہا کہ معاملہ ختم نہیں، معاملہ تو وہیں سے شروع ہوتا ہے، جب 3 ملین کی سرمایہ کاری کی گئی اس وقت ڈالر کا ریٹ 60 روپے تھا، جب واپس آئے تو 120 روپے تھا،بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔