کراچی : آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے 7روزہ پاکستان یوتھ فیسٹیول 2023 کا رنگا رنگ افتتاح معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کردیا ۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد عراقی بھی ان کے ہمراہ تھے، معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کہاکہ سب سے بڑا عہدہ کسی جامعہ کا وائس چانسلر ہونا ہے اس سے بڑا کوئی مقام نہیں ہوتا، آپ لوگ پاکستان کا مستقبل ہیں، خواتین پاکستان کا مستقبل ہیں جن کا صرف آدھا چہرہ نظر آتا ہے، پاکستان کے ہر شعبے میں آپ کو خواتین نظر آئیں گی۔
انہوں نے کہاکہ میں یہاں آپ کے لیے آیا ہوں آپ اس سرزمین کے بچے ہیں، خود راستے تلاش کریں منزلیں خود آپ کے سامنے آئیں گی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کی وجہ سے یوتھ فیسٹیول گزشتہ پانچ برسوں سے نہیں ہو سکا، پانچ سال بعد اس فیسٹیول کا انعقاد کر رہے ہیں، اس فیسٹیول میں تیس ہزار طلبا نے رجسٹریشن کرائی ہے، جامعہ کراچی جہاں سے انور مقصود،احمد شاہ،ہما میر اور بہت سی ہستیاں پاس آوٹ ہوئیں، کراچی یونیورسٹی سب کالجز کو ساتھ لے کر چلتی ہے، یہ یوتھ فیسٹیول آپ نوجوانوں کا ہے، آپ نوجونوں نے اپنا نام روشن کرنا ہے، آپ کا نام روشن ہو گا تو ملک کا نام روشن ہو گا، اس ملک نے بہت دکھ دیکھے ہیں، آپ طلباء نے کسی چیز سے ہمت نہیں ہارنی، ملک کے حالات کو ہم بدلیں گے ، تم سب بدلو گے، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد عراقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یوتھ فیسٹیول میں دعوت پر آرٹس کونسل کا بے حد شکر گزار ہوں، انور مقصود پاکستان کا بہت بڑا نام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں میٹرک میں زیر تعلیم تھا تب سے انور مقصود کو سنتا اور پڑھتا آ رہا ہوں، ہم اکثر مشکلات سے ڈر جاتے ہیں جبکہ ہمیں ڈرنا نہیں چاہیے، جب آپ کچھ کرنے کی ٹھان لیں تو کر سکتے ہیں۔
آرٹس کونسل کراچی میں جاری پاکستان یوتھ فیسٹیول کے افتتاحی روز 4مختلف کیٹیگریز کے آڈیشنز منعقد کئے گئے جس میں ہزاروں طلبہ وطالبات نے حصہ لیا ۔ بقیہ 6کیٹیگریز کے مقابلے 28 تاریخ تک جاری رہیں گے ۔ جبکہ 29تاریخ کو فیسٹیول کی ا ختتامی تقریب منعقد ہوگی .افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار عاصم اظہر ، کشمیر بینڈ ، جیمبروز ، مصطفی بلوچ نے اپنی پرفارمنس سے میلہ لوٹ لیا ۔
