اسلام آباد،رحیم یارخان : وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نجی دورے پر رحیم یار خان پہنچے تو ائیرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہوئے تھے اور چاندنہ ایئر پورٹ کو رینجرز،خصوصی دستوں اور یو اے ای کے شاہی گارڈز نے اپنے گھیرے میں لئے ہوا تھا۔ شیخ محمد بن زاید النہیان صحرائے چولستان میں اپنی خیمہ بستی اور ابو ظہبی پیلس میں چند ایام قیام کریں گے ۔
ائیر پورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف اور شیخ محمد بن زاید النہیان میں مختصر ملاقات کے دوران د دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق شیخ محمد نے وزیراعظم سے بڑی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا ہاتھ تھامے ہوئے اپنے جہاز میں لے گئے اور اپنے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کرائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر کے بچوں سے عربی اور انگریزی میں گفتگو کی ،صدر یو اے ای نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا بھی عندیہ دے دیا،آپ تیاری کریں، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔ صدر یو اے ای کی وزیراعظم شہباز کو یقین دہانی کرائی ۔
