کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہےکہ ایم کیو ایم کے مطالبات جائز ہیں، بلدیاتی انتخابات ٹرن آوٹ نہایت کم رہا، میری گولڈ فیسٹیول سے شہر کی رونقوں میں اضافہ ہوگا، شہری فیسٹیول سے لطف اندوز ہوں۔
یہ بات انہوں نے فریئر ہال میں تیسرے میری گولڈ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں کہی، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی، میونسپل کمشنر، ڈی جی پارکس و دیگر بھی موجود تھے، گورنر سندھ نے کہا کہ شہر کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سب کو ملکر چلنا ہوگا تاکہ مسائل حل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مئیر شپ پر پہلے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی آپس میں جوڑ توڑ کرلیں، پھر فیصلہ کریں کہ میئر اور ڈپٹی میئر کس کا ہوگا، ہم سب کو ذمہ دار لینی چاہئے اور شہر کو بہتر کرنا چاہئے، وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ عددی لحاظ سے پیپلز پارٹی کا میئر آنا چاہئے، جماعت اسلامی کا ڈپٹی میئر ہو، انتشار ہوگا تو خدمت نہیں کی جاسکتی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمن نے کہا کہ نمائش ایک ہفتے تک جاری رہے گی، اس میں 60 ہزار سے زائد پھولوں کے پودے رکھے گئے ہیں، شہری بھرپور شرکت کریں، داخلہ مفت ہوگا، ادھر گورنر سندھ سے آل پاکستان ڈمپر ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ آپ کے جائز مسائل کو حل کیا جائے گا، وفد نے ہیوی ٹریفک کے اوقات کار سے متعلق تحفظات سے گورنر کو آگاہ کیا، گورنر سندھ سے دبئی کی معروف کاروباری شخصیت عبداللہ ناصر لوتھا نے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی تجارت میں اضافہ، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے، ہرممکن تعاون فراہم کریں گے، کاروباری شخصیت نے کہا کہ سرمایہ کاری مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، کراچی میں پاور پلانٹ میں سرمایہ کاری کریں گے، ایک یونیورسٹی بھی قائم کریں گے۔
گورنر سندھ نے مقامی اسپتال میں نامور مصنف گل حسن کلمتی کی عیادت کی، خیریت دریافت کی اور ڈاکٹرز سے ان کے علاج معالجہ پر بریفنگ لی، اس موقع پر مصنف نے اپنی کتاب “کراچی جا لافانی کردار گورنر کو پیش کی۔