کراچی: چوتھی کمشنر کراچی مراتھون کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔اتوار 29جنوری کو مراتھون ریس منعقد ہوگی۔یہ بات کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے جمعہ ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ مراتھون کے لئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ ریس میں شرکت کے لئے اب تک ساڑھے پانچ ہزار افراد نے رجسٹریشن کروائی ہے،جبکہ چالیس ہزار تک افراد کی شرکت متوقع ہے۔شرکا کے لئے تین کیٹیگریز رکھی گئی ہیں ۔ پہلی کیٹگری 12 کلو میٹر جبکہ دوسری کیٹیگری ساڑھے سات کلو میٹر کی ہو گی۔
ان کے علاوہ خصوصی فن ریس کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جس میں بچے،فیملیز،خصوصی افراد اور خصوصی بچے شرکت کرسکیں گے۔فن ریس ایک اعشاریہ ایک کلومیڑ کی ہو گی۔
ہر کیٹیگری میں تین تین انعامات دئے جائیں گے ہر کیٹیگری کے لئے پہلا انعام پچاس ہزار دوسرا انعام تیس ہزار اور تیسرا انعام بیس ہزار روپے دیا جا ئے گا۔
مجموعی طور پر 14 لاکھ روپے کے انعامات دئیے جائیں گے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ تقریب تقسیم انعاما ت میں مہمان خصوصی ہوں گے ااور کامیاب شرکا میں انعامات تقسیم کریں گے۔
