غداری کا الزام لے کر مرنا نہیں‌ چاہتے، فاروق ستار

کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اظہار لاتعلقی کے باوجود ہم پرغداری کا الزام لگایا جا رہا ہے لیکن ہم غداری کا نام ساتھ لےکرنہیں مرنا چاہتے۔

کراچی میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 22 اگست کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد ایم کیو ایم لندن سے لاتعلقی کا اظہار کرچکے ہیں لیکن 23 اگست کے بعد سے اب تک ہم پرغداری کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیز تقاریر کیس میں متعدد تفتیشی افسر اپنا چالان بھی پیش کر چکے ہیں کہ تقریر سننے پر غداری کا مقدمہ نہیں بنتا لیکن اس کے باوجود متحدہ کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہناتھاکہ ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف جھوٹے اور سیاسی مقدمات بنائے گئے لہذا ریاست ان مقدمات کو فوری ختم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ غداری کا نام لے کر نہیں بلکہ عزت کی موت مرنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: